نئی دہلی، 2 ؍جنوری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )حج مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے حج کے اگلے سفر کی تیاریاں زوروشور شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ ہر ریاست میں حج ہاؤس کی تعمیر ہونی چاہیے ، جس کے لیے ہماری وزارت ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے۔نقوی نے کہاکہ اس سمت میں ہم نے ریاستی حکومتوں کو خط لکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی وزارت اور حج کمیٹی آف انڈیا نے آئندہ سفر حج کے لیے تیاریاں اس بار کافی حد تک وقت سے پہلے شروع کر دی ہے تاکہ حاجیوں کو ان کے سفر میں کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔نقوی نے کل ممبئی کے لوک مانیہ تلک مارگ پر مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے نوتعمیرشدہ حج دفتر کا افتتاح کیا۔نقوی نے کہا کہ حاجیوں کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرانا حکومت اور دیگر ایجنسیوں کی ذمہ داری ہے اور ہماری وزارت اس موضوع پر جنگی پیمانے پر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر ریاست میں حج ہاؤس کی تعمیر ہونی چاہیے ، جس کے لیے ہماری وزارت ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے، ریاستی حکومتوں کو اس سمت میں ہم نے مکتوب بھی لکھا ہے۔نقوی نے کہا کہ مرکزی حکومت کی کوشش ہے کہ پچھلی بار کی طرح اس بار بھی حج کا سفر آسان اور آرام دہ رہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ پہلی بار اقلیتی وزارت نے حج سے قبل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے حکام کی ایک ٹیم گزشتہ اگست میں مکہ روانہ کی تھی ، اعلی حکام کا وفد حج انتظامات کی نگرانی اورتال میل کے لیے پھر سعودی عرب جائے گا۔
نقوی نے کہا کہ حج کو بہتر سے بہتر بنانے اور حاجیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کرانے کے سلسلے میں انہوں نے دسمبر میں ہندوستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر سعود محمد الساطی سے ملاقات کی تھی۔اس دوران انہوں نے ڈاکٹر الساطی سے آئندہ سفرحج سے متعلق مختلف مسائل پر بامعنی اور جامع بات چیت کی۔نقوی نے کہا کہ گزشتہ سفر حج میں حکومت سعودی عربیہ نے حج کو بہ آسانی اختتام پذیر کرانے میں بڑا اہم تعاون کیا تھا۔اس کے علاوہ نئی دہلی میں حج کو لے کر جائزہ اجلاس دو ماہ پہلے کیا جا چکا ہے جس میں حج کے مختلف مسائل پر تفصیل سے بحث ہوئی۔گزشتہ سفر حج کے دوران کے تجربات کا جائزہ لے کر اگلے سفر حج کو آسان بنانے کے لیے تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں حاجیوں کے لیے بہتر رہائش اور بہتر آمدروفت کا انتظام شامل ہے ۔اقلیتی امور کے وزیر نے کہا کہ ہم نے اگلے سفر حج کے لیے ملک بھر سے آئی مختلف تجاویز کی بنیاد پر حکومت سعودی عربیہ اور حج سے منسلک ہندوستانی ایجنسیوں سے بات چیت شروع کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری ہوا بازی کی وزارت کے حکام سے بھی کہا گیا ہے کہ حج مسافروں کو جدید سہولیات والے جہاز دستیاب کرائے جانے چاہیے ۔واضح رہے کہ حج 2017کا اعلان ہو گیا ہے اور 2؍جنوری سے اس کے لیے درخواست کا عمل شروع ہو جائے گا ،درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 24؍جنوری ہے۔